عیدمیلاد النبی ﷺ کے جلوس پر حملہ انتہائی بزدلانہ ہے، پیرمنور شاہ

October 03, 2023

کوئٹہ(پ ر ) پیر سید منور حسین شاہ جماعتی مرکزی سجادہ نشین دربار عالیہ امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری نے ایک بیان میں مستونگ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس پر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے عاشقان مصطفی ﷺ کے متاثرہ خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کیا، انہوں نے کہا کہ ایسے مبارک دن کے موقع پر بے گناہ افراد پر حملہ کرنے والے دہشتگرد اور انکے سہولت کار ایک مرتبہ پھر پاکستان کو انتہا و شدت پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس پر حملہ انتہائی بزدلانہ ہے۔ ایسا کرنے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں، قوم کو فورسز کے ساتھ ملکر ملک اور اسلام دشمنوں کا مقابلہ کر کے انہیں شکست دینا ہو گی،ملک کو عدم استحکام کی جانب نہیں جانے دینگے ، پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو ہر ممکن بہترین سے بہترین طبی امداددی جائے ،انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کے لئے جلد مالی امداد کا اعلان کیا جائے ،انہوں نے دعا کی اللہ تعالیٰ شہداء کے بلند درجات بلند کرے اور انہیں آقا دوجہاں ﷺ کی خصوصی شفاعت اور عنایت نصیب فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت عطا کرے۔