ریڈ کریسنٹ ہسپتال میں30 بستروں کا برن یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

November 28, 2023

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے، خبر نگارخصوصی ) ریڈ کریسنٹ ہسپتال میں30 بستروں پر مشتمل برن یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےجس کی فزیبیلٹی رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔اس بات کا اعلان نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کمشنر آفس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ ریڈ کریسنٹ ہسپتال کے تیسرے بورڈ آف گورنرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ برن یونٹ کے لئے سینٹرلائزئڈ آکسیجن سپلائی کی ضرورت ہوگی جس کے لئے اکسیجن پلانٹ لگے گا۔ ایک مقامی این جی او کے ذریعے راولپنڈی کے 12 بی ایچ یوز کو اپ گریڈ کروانے کا کام شروع کروایا گیاہے۔برن یونٹ کے ساتھ ساتھ ہیپیٹائٹس بی اور سی ٹیسٹ بھی سہولت ریڈکریسنٹ میں مفت فراہم کی جائے گی۔ دریں اثناءپریس کلب کے پروگرام”میٹ دی پریس“ سے خطاب میں ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی) میں صحافیوں کے علاج معالجے کے لئے ایم او یو کی تجدید کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ نیشنل پریس کلب اور آر آئی سی انتظامیہ آئندہ دو روز میں اس کو حتمی شکل دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں رنگ روڈ اور ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن سمیت70ارب روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لئے میڈیا ٹاؤن فیز 2پر بھی کام جاری ہے اتفاق رائے سے جگہ کا تعین ہوتے ہی جلد راولپنڈی کے صحافیوں کو خوشخبری دی جائے گی۔