قائمقام چیئرمین راجہ مظفر کی صدارت میں JKLF کا اجلاس

November 29, 2023

برسلز(عظیم ڈار) جے کے ایل ایف کی مرکزی قیادت نے دنیا بھر میں پھیلے کارکنان کو ورچوئل اجلاس کے ذریعے متحد کرتے ہوئے یاسین ملک کے غیر منصفانہ مقدمے اور جموں و کشمیر کے خطے میں امن اور آزادی کیلئے جاری پرامن جدوجہد پر ایک زوم اجلاس میں تبادلہ خیالات کیا۔اس موقع پر قائم مقام چیئرمین راجہ مظفر کی زیر صدارت اجلاس میں تنظیم کے معزز اراکین بشمول چاروں زونز کے صدور، چاروں سینئر نائب چیئرمین، جے کے ایل ایف کی مختلف کمیٹیوں کے سربراہان اور دیگر سرکردہ رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کیلئے تنظیم کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایجنڈے کے نکات پر تمام ممبران نے اپنی اپنی رائے پر جموں کشمیر کی ناگفتہ بہ حالت اور کشمیری عوام پر تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور جے کے ایل ایف کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور متحد رہنے کی حکمت عملیوں اور اقدامات اور اہداف کے حصول میں اپنا حصہ ڈالنے کا عہد کیا۔ رہنماؤں نے جموں و کشمیر میں امن اور آزادی کے حصول کیلئے پرامن ذرائع اور جمہوری اصولوں کی اہمیت کو ناگزیر قرار دیا۔ اجلاس میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش چیلنجز اور تنظیم کی ذمہ داری پر بات چیت کرتے ہوئے تحریک آزادی کی جدوجہد کی رفتار کو بڑھانے کی ضرورت پر خصوصی گفتگو کی گئی تاکہ محکوم کشمیری عوام کی آواز کو دور دور تک سنایاجائے اور کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ورچوئل اجلاس میں پروفیسر عظمت اے خان، سردار عبدالرحمان، سردار علیم خان، اسلم مرزا، ناظم بھٹی، تنویر چوہدری، تحسین گیلانی، توقیر گیلانی، شکیل چودھری ایڈووکیٹ، سعد انصاری ایڈووکیٹ، مشتاق دیوان، عمر زمان، جاوید اقبال، طاہرہ توقیر، رابعہ مجیب، عابد حمید، ڈاکٹر اشتیاق، صہیب خان،سردار اسلم کشمیری، محمودبھٹی، قاسم کھوکھر اور حافظ صدیق نے شرکت کی اور عدم تشدد پر مبنی سیاسی جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا،آخر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جے کے ایل ایف کے قائد یاسین ملک کی رہائی کیلئے ہر سطع پر کوششیں اور کاوشیں جاری رکھی جائیں۔