آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لوں گا، خان ظفر خان

November 30, 2023

برمنگھم(ابرار مغل سیاکھوی) پی پی پی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما و سابق امیدوار اسمبلی حلقہ ڈڈیال خان ظفر خان نے کہا ہے کہ تحصیل ڈڈیال کے عوام کے حقوق کے دفاع اور ان کی عزت نفس کی بحالی کیلئے آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لوں گا۔ برطانیہ میں اوورسیز کشمیری کمیونٹی نے مجھے بہت زیادہ محبت اور اپنے اعتماد سے نوازا ہے، اسمبلی میں پہنچ کر ان کے وقار اور عزت میں بھی اضافے کا باعث بنوں گا، اس وقت تحصیل ڈڈیال میں عوامی قیادت کا شدید بحران ہے ، اس لئے مجھے انتخابی میدان میں اترنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم میں اپنے اعزاز میں منعقدہ مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان استقبالیہ تقریبات کا اہتمام بالترتیب چوہدری عابد،صوفی محمد اشتیاق ،وحید اختر سرکھوی ،چوہدری ساجد اور دیگر شخصیات نے کیا تھا۔ سابق امید وار اسمبلی خان ظفر خان کا کہنا تھا کہ اہلیان برطانیہ سے مجھے بے پناہ محبت ملی ہے اور ان کی محبت اور قدر کا تقاضا ہے کہ میں ان کے حقوق کیلئے اسمبلی میں جاؤں، کیونکہ ڈڈیال کے عوامی نمائندے عوام کے حقوق کے تحفظ میں ناکام رہے ہیں، اس حوالے سےنہ صرف ڈڈیال بلکہ برطانوی اوورسیز کمیونٹی میں بھی سخت تخفظات پائے جاتے ہیں، اس لیے اب یہ ضروری ہے کہ میں عوام کی ترجمانی کروں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اسمبلی میں جانا اشد ضروری ہے، سابق امیدوار اسمبلی ڈڈیال خان ظفر خان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی سے آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی اور پارٹی صدر چوہدری یسین ہی ہمارے وزیر اعظم ہوں گے، ان کی قیادت اور سرپرستی میں تحصیل ڈڈیال کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کیلئے برطانیہ میں بسنے والے کشمیری میرا ساتھ دیں تاکہ حلقہ نمبر ون ڈڈیال سے میں ان کی نمائندگی کر سکوں۔