مشاہد حسین کے والد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد

November 30, 2023

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) اسلام آباد میں انڈو نیشیاکے سفارتخانے میں سینیٹر مشاہد حسین سید کے والد کرنل (ر) امجد حسین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا ،مرحوم انڈو نیشیا میں پاکستان کے پہلے دفاعی اتاشی تھے جن کی انڈو نیشیا کے بانی صدر سوئیکانو کیساتھ کئی ملاقاتیں ہوئیں صدر سوئیکا رنو نے مرحوم کو انڈو نیشیا کا سب سے بڑا ایوارڈ بھی عطا کیا تھا،اس خوبصورت اور رنگا رنگ تقریب میں تصویر ی نمائش کیساتھ انڈو نیشیا کی ثقافتی پر فارمنس کا مظاہرہ ہوا، مشاہدحسین نے انڈونیشیا کے صدر سوئیکارنو کو پاکستان کا عظیم دوست اورتیسری دنیا کا ہیرو قرار دیا،شرکاءنے پاکستان اور انڈونیشیا تعلقات کی تعمیر میں کرنل (ر)امجد حسین سید کے کردار کو سراہا گیا ،مشاہد حسین نے کہا کہ صدر سوکارنو نہ صرف ایک عظیم آزادی پسند تھے بلکہ 1955 کی بنڈونگ کانفرنس کے معمار بھی تھے جس نے ایشیائی بحالی، افریقی ایشیائی یکجہتی اور غیر وابستہ تحریک کی بنیاد رکھی،انہوں نے بعد ازاں عالمی رہنماؤں کیساتھ صدر سوکارنو کی تاریخی تصاویر کی نمائش کا افتتاح کیاجس میں مشاہد حسین کے والد کو بھی اعزاز سے نوازا گیا ، مشاہد حسین نے اسلامی یونیورسٹی میں زیر تعلیم انڈونیشین طلبہ کیساتھ انڈونیشین گانا گایا انڈونیشیا کے قائم مقام سفیر یوسران ہردومو نے بھی خطاب کیا۔