بلوچستان میں ایک سال کے دوران 342 ایڈز کے کیسز رپورٹ ہوئے، ڈاکٹر خالد قمبرانی

November 30, 2023

فائل فوٹو۔

بلوچستان میں ایک سال کے دوران ایڈز کے 342 کیسز رپورٹ ہوئے۔کوئٹہ سے منیجر ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر خالد قمبرانی کے مطابق بلوچستان میں ایڈز کے رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 2358 ہوگئی ہے۔

کوئٹہ میں ایڈز کے1937، تربت میں 339، حب میں 44، لورالائی میں 30 اور نصیرآباد میں 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر خالد قمبرانی کے مطابق متاثرین میں1751مرد، 472 خواتین، 99بچے اور 36 خواجہ سرا شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ممکنہ طور پر ایڈز میں مبتلا مریضوں کی تعداد7 ہزار ہوسکتی ہے۔ بلوچستان میں ایڈز کے حوالے سے 6 اضلاع ہائی رسک قرار پائے ہیں، جن میں کوئٹہ، تربت، گوادر، ژوب، شیرانی اور نصیر آباد شامل ہیں۔

ڈاکٹر خالد قمبرانی کا کہنا تھا کہ استعمال شدہ سرنجز سے نشہ لینے کے باعث ایڈز کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ بلوچستان میں 5 سینٹرز پر ایڈز کے مریضوں کے لئے مفت ادویات اور علاج کی سہولت موجود ہے۔

ان کے مطابق بلوچستان کے تمام اسپتالوں میں اسکریننگ کٹس اور مفت ٹیسٹ کی سہولت میسر ہے۔