حکومتی ملکیتی اداروں کی اونرشپ اینڈ مینجمنٹ پالیسی 2023 کا نوٹیفکیشن جاری

November 30, 2023

حکومتی ملکیتی اداروں کی اونرشپ اینڈ مینجمنٹ پالیسی 2023 کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، نئی پالیسی کا اطلاق تمام حکومتی ملکیتی اداروں پر ہوگا۔

وزارت خزانہ کے مطابق مستقبل میں حکومتی اداروں میں نئی بھرتیاں کنٹریکٹ پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ بناکر اداروں کی کارکردگی کی نگرانی کی جائے گی، مجوزہ یونٹ سرکاری اداروں کے بزنس پلان کا تجزیہ کرکے سفارشات دے گا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ میں قابل اور تجربہ کار اسٹاف بھرتی کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق ان اداروں کے آزادانہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ڈیٹابیس تیار کیا جائے گا، حکومتی ملکیتی اداروں سے متعلق پالیسی ہر 5 سال بعد اپ ڈیٹ کرکے جاری ہوگی۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومت اسٹریٹیجک نوعیت کے حساس اداروں کا کنٹرول پاس رکھے گی، تمام کمرشل سرکاری اداروں کی بتدریج نجکاری کی جائے گی، بعض اداروں کی تنظیم نو کرکے ان کے مستقبل کا جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق مالی یا آپریشنل طور پر ناکام اداروں کو بیمار کمپنی ڈکلیئر کیا جائے گا، ایسے اداروں کی بحالی، تعمیر نو، تنظیم نو کا پلان تیار کیا جائے گا۔