ملتان (سٹاف رپورٹر ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملتان ڈویژن میں ریسٹورنٹس، کریانہ سٹورز، گرائنڈنگ یونٹس سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی، اس دوران پنجاب فوڈ پیور رولز کی خلاف ورزیوں پر فوڈ بزنس مالکان کو بھاری جرمانے، 12 لٹر ایکسپائرڈ مشروبات، 15 کلو چائنہ نمک اور 20 کلو سپاری تلف کر دی گئی، تفصیلات کے مطابق ویجلنس ٹیم کی خفیہ اطلاع پر حافظ والا نزد اومیگا سٹی ملتان میں کھانوں کی تیاری میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے، خوراک کو سٹور کرنے کیلئے کیمیکل ڈرمز کا استعمال کرنے، زنگ آلودہ مشینری کا استعمال کرنے پر گرائنڈنگ یونٹ کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اسی طرح ماڈل ٹاؤن اور جلال پور پیراں والا ملتان میں 2 پکوان سنٹرز کو فریزر میں باسی سبزیاں سٹور کرنے اور واشنگ ایریا میں ناقص صفائی ہونے پر 40 ہزار روپے ، سردار پور روڈ کبیر والا میں بیکری کو ناقابلِ سراغ ملاوٹی مصالحہ جات کی موجودگی ہونے پر 10 ہزار ، مرضی پورا بورے والا میں خوراک کی نامناسب سٹوریج، صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہونے پر پاپڑ فیکٹری کو 15 ہزار جبکہ ڈسٹریبیوشن یونٹ کو ایکسپائرڈ سپاری فروخت کرنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔