تیز رفتار چلنے سے ٹائپ 2 ذیابیطس لاحق ہونے کا خطرے کم کیا جا سکتا ہے، ریسرچرز

December 03, 2023

لندن (پی اے ) ایک نئی سٹڈی میں کہا گیا ہے کہ تیز چلنے سے آپ کو ٹائپ 2ذیابیطس لاحق ہونے کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔ ریسرچرز نے اپنی سٹڈی میں پتہ لگایا کہ جو لوگ 3کلومیٹر (1.86میل ) فی گھنٹہ سے زیادہ تیز رفتار سے چلتے ہیں ان میں اس بیماری کے ہونے کا امکان کم ہوتا ہے اور جو لوگ 6کلومیٹر (3.7میل) فی گھنٹہ سے زیادہ تیز رفتاری سے چلتے ہیں ان میں ٹائپ 2ذیابیطس لاحق ہونے کا خطرہ 39فیصد کم ہو جاتا ہے۔ انٹرنیشنل ذیابیطس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 537ملین افراد ذیابیطس کے عارضے میں مبتلا ہیں جون میں دی لنسیٹ ذیابیطس اینڈ اینڈوکرائنولوجی جرنل میں شائع ہونے والے مضمون میں اکیڈمکس نے دعویٰ کیا تھا کہ 2050تک ذیابیطس کے کیسز کی تعداد 1.3بلین تک پہنچ سکتی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جسمانی سرگرمی ٹائپ2ذیابیطس لاحق ہونے کے خطرے کو کم کرنے سے منسلک ہے ۔ امپیریل کالج لندن‘ ایران کی یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور ناروے کی اوسلو نیو یونیورسٹی کالج کے ریسرچرز نے ٹائپ 2ذیابیطس سے بچنے کیلئے تیز رفتار چلنے کے ٹائپ 2 ذیابیطس پر پڑنے والے اثرات کا پتہ لگایا۔ ریسرچرز کی ٹیم نے 1999اور 2022کے درمیان شائع ہونے والی دس سٹڈیز کا جائزہ لیا جس میں تین سے 11سال کے درمیان فالو اپ پیریڈ شامل تھے ان جائزے میں برطانیہ ‘ جاپان اور امریکہ بھر سے کل 508,121بالغ مریض شامل تھے ماہرین نے اس جائزے میں پتہ لگایا کہ 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے افراد کے مقابلے میں تین سے پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے لوگوں میں ٹائپ 2ذیابیطس لاحق ہونے کے خطرات 15فیصد کم ہو جاتے ہیں جبکہ 5سے 6کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے لوگوں میں اس مرض کے خطرات 24فیصد ہو جاتے ہیں ریسرچرز کا کہنا ہے جائزے میں انکشاف ہوا کہ 6کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زائد رفتار سے چلنے والے افد میں ٹائپ 2ذیابطس میں مبتلا ہونے کے خطرات 39فیصد کم ہو جاتے ہیں۔ ریسرچرز کا کہنا ہے کہ اگرچہ پیدل چلنے کے مجموعی وقت کو بڑھانے کیلئے موجودہ سٹرٹیجیز فائدہ مند ہیں لیکن یہ بھی معقول اقدام ہو سکتا ہے کہ لوگوں کو تیز رفتاری سے چلنے کی ترغیب دی جائے تاکہ صحت پر پیدل چلنے کے فوائد میں مزید اضافہ ہو سکے۔ ریسرچرز نے کہا کہ ان کی ٹیم اپنے کام کی کچھ حدود کو تسلیم کرتی ہے جس میں یہ بھی شامل ہے کہ ان کے تجزیے میں شامل تین سٹڈیز میں تعصب کا ماڈریٹ رسک قرار دیا گیا تھا جبکہ باقی سات سٹڈیز کی شدید رسک کیلئے ریٹنگ کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار سے چلنے والے افراد کے پٹھوں کے بڑے پیمانے اور مجموعی طور پر بہتر صحت کے ساتھ فٹ ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے ۔ ذیابیطس یو کے میں فزیکل ایکٹوٹی کے سینئر ایڈوائزر نیل گبسن کا کہنا ہے کہ ہماری سٹڈی اس بات اور سوچ کو اجاگر کرتی ہے جو ہم پہلے ہی بیان کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ جسمانی طور پر متحرک رہنا اس کیلئے فائدہ مند ہے جس میں تیز چلنا بھی شامل ہو سکتا ہے اور یہ کسی بھی شخص کے ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔