داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے 12 طلبہ کو بحال کرنے کا حکم

December 03, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے داؤد انجیئرنگ یونیورسٹی کے 12 طلبہ کو بحال کرنے کا حکم دیدیا۔ قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے 12 طلبہ کے داخلے منسوخ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں کے نے کہا کہ 4 دسمبر 2023 کو یونیورسٹی میں طلبہ کے امتحانات ہیں۔ ان طلبہ کو بھی دوسرے طلبہ کی طرح امتحانات میں بیٹھنے دیا جائے۔ یونیورسٹی کے وکیل نے کہا کہ طلبہ کو دوبارہ داخلہ دینے کے لئے تیار ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے یونیورسٹی کے وکیل کے موقف پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ طلبہ کو بنا کسی امتیازی سلوک کے داخلے دیئے جائیں۔ عدالت نے طلبہ کی داخلہ منسوخی کے خلاف درخواست نمٹادی۔ عدالت نے یونیورسٹی کو طلبہ کے داخلے دوبارہ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔