فتنے کے مقابلے میں کھڑے ہونا ہمارے فرائص میں شامل، فضل الرحمٰن

December 04, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر)جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے سیاست میں دینی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے اختلافات میں نرمی کو فروغ دیا ہے، عوامی مسائل کا حل اور عوامی مستقبل کے لئے فرقہ واریت سمیت تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر کردار ادا کیا ہے۔ امت مسلمہ کے خلاف کوئی فتنہ کھڑا ہو جائے تو اسکے مقابلے میں کھڑے ہونا ہمارے فرائص میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمیعت علماء اسلام ملتان کے زیراہتمام ملتان کے علاقہ جھوک وینس میں ملک سجاد احمد کے ڈیرہ پر منعقدہ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ جے یو آئی ایک سیاسی قوت ہے، مگر ہم نے اپنی سیاست میں دینی و مذہبی شناخت کو برقرار رکھا ہے، ان رویوں کو اپنایا ہے جن میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ جمیعت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ کے الیکشن میں منڈی لگتی ہے، کروڑوں میں لوگوں کو خریدا جاتا ہے۔