سلمان بٹ کا افغان ٹیم کی بیٹنگ کنسلٹنسی کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا

December 04, 2023

فوٹو: فائل

سابق کپتان سلمان بٹ کا افغانستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کنسلٹنسی کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔

سلمان بٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلان سے ایک روز قبل افغانستان کی جانب سے پیشکش ہوئی تھی۔

تاہم سلیکشن کمیٹی کا کنسلٹنٹ مقرر کرنے کے بعد افغانستان بورڈ کے ساتھ سلمان بٹ کا معاملہ رک گیا۔

اس حوالے سے سلمان کا کہنا ہے کہ افغانستان بورڈ نے مجھ سے کنسلٹنٹ کے لیے رابطہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ آنے والی سیریز کےلیے 25 روزہ کیمپ کےلیے کنسلٹنٹ کے طور پر رابطہ ہوا، اسی دوران پی سی بی میں کنسلٹنٹ کی تقرری ہوگئی۔

سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو ترجیح دی لیکن اس کے بعد افغانستان سے ابھی دوبارہ رابطہ نہیں ہوا۔