کار لفٹنگ میں ملوث 6 ملزمان گرفتار، چھینی اور چوری کی گئیں 2 کار برآمد

December 05, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر )سی ٹی ڈی نے تھانہ سچل کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے کار لفٹنگ میں ملوث پانچ ملزمان جاوید علی،قربان علی،خادم،ذیشان اور اسلم کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سے چوری شدہ کار برآمد کر لی،پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ سال 2006 سے گاڑی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں،تمام وارداتیں نماز فجر کے بعد صبح 7 بجے تک کی جاتی ہیں،ملزمان گاڑیاں کراچی،حیدرآباد اور سکھر کے مختلف علاقوں سے چوری کر کے کوئٹہ میں فروخت کرتے تھے،چھوٹی گاڑی ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ جبکہ بڑی گاڑی ساڑھے تین لاکھ سے چار لاکھ تک فروخت کرتے تھے ،ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ سیکڑوں گاڑیاں چوری کر کے فروخت کر چکے ہیں،علاوہ ازیں نیو کراچی پولیس نے کار لفٹنگ میں ملوث محمد وارث ولد نوبت کو گرفتار کر کے اسلحہ اور نیو کراچی کی حدود سے چھینی ہوئی کار برآمد کر لی۔