میکسیکو: شارک کے حملے سے بیٹی کو بچانے کی کوشش میں ماں ہلاک

December 05, 2023

میکسیکو سٹی(نیوز ڈیسک) میکسکو کے ساحل پر ماریا فرنانڈیز مارٹنیج جمنیز نامی خاتون شارک کے حملے میں ٹانگ گنوانے کے بعد دوران علاج زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ میکسیکو میں مانزانیلو کی بندرگاہ پر اُس وقت پیش آیا جب 26سالہ خاتون اپنی 5سالہ بیٹی کے ہمراہ تیراکی کر رہی تھیں۔ اچانک وہاں ایک شارک آگئی اور حملے کے لیے آگے بڑھی۔ ماں نے خطرہ بھانپتے ہوئے بچی کو آگے دھکیل کر بوٹ پر چڑھانے کی کوشش کی اور اس دوران خود شارک کا شکار بن گئی۔ شارک نے خاتون کی ٹانگ چبالی جس کے باعث کافی خون بہہ گیا۔ خاتون کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز انھیں بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔