اسلام آباد (جنگ نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری نے کہا ہےکہ تاجر برادری اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے، تاہم یونائیٹڈ بزنس گروپ اور بزنس مین پینل پراگریسیو کے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز کے الیکشن کیلئے متفقہ نامزد امیدواروں کے پاس بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے ، برآمدات میں اضافہ کرنے، زر مبادلہ کے ذخائر مضبوط بنانے اور صنعت کاری کو بہتر فروغ دینے کیلئے واضح وژن موجود ہے۔ وہ فیڈریشن کا الیکشن جیت کر بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے اور معیشت کی بحالی کیلئے فعال کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری کی جانب سے یو بی جی اور بی ایم پی پراگریسیو کے فیڈریشن کے الیکشن کیلئے نامزد امیدوار برائے صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدور کے اعزاز میں د یئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یو بی جی اور بی ایم پی پراگریسیو کے فیڈریشن کی صدارت کیلئے امیدوار عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ الیکشن جیت تاجروں کی فلاح کیلئے بھر پور کوشش کرینگے۔ امیدوار برائے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگو،امیدوار برائے نائب صدر اور اپٹما کے موجودہ چیئرمین آصف انعام ، امیدوار برائے نائب صدر آصف سخی ، امان پراچہ،آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک ،ظفر بختاوری و دیگر نے بھی اسٍ موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔