معاشرے کی تعمیروترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے‘ ڈاکٹر عطاء گل

December 06, 2023

کوئٹہ(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر عطا گل حمزہ زئی ،راز محمد ترکئی ضلعی جنرل سیکرٹری اختر محمدناصر ، عماد گل کاکڑ و دیگر نے کہا ہے کہ خواتین کا معاشرے میں اہم کردار ہے ،ہمیں اپنی بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔تعلیم یافتہ ماں بچوں کا بہتر مستقبل بنا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے این پی لورالائی خواتین یونٹ کے قیام کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ خوشی کا مقام ہے کہ آج لورالائی میں بھی ہماری بہنیں سیاسی میدان میں نکل آئی ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ معاشرے کی ترقی خواتین کے بغیر ممکن نہیں ۔ اگر انسان اپنے اردگرد نظر دوڑائے تو خواتین کا ہر روپ اسے معاشرے کا ایک کار آمد رکن بنانے میں مصروف نظر آتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موقع ملا تو لورالائی کی ترقی وخوشحالی کے لئے دن رات کام کریں گے۔ماضی میں لورالائی کو ہرشعبے میں نظرانداز کیا گیا۔علاقےکے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کی جائے گی۔ ہمارے دروازے عوام کیلئے دن رات کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی صوبائی صدر سردار اصغر خان اچکزئی ،ضلعی صدر منظور کاکڑ ،جنرل سیکرٹری اختر محمد ناصر ودیگر کابینہ کی کوششوں سے لورالائی میں روز بروز فعال ہورہی ہے۔جلد عوامی رابطہ مہم سرغنڈ سے سب ڈویژن میختر تک شروع کریں گے۔