سیکیورٹی پیپرز کے منافع میں 122 فیصد کا اضافہ

February 22, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سیکیورٹی پیپرز کا منافع 2023-24کی پہلی ششماہی میں 122 فیصد بڑھ کر746ملین روپے تک پہنچ گیا، کمپنی فی شیئر 2.5 روپے (25 فیصد) کے عبوری منافع کا بھی اعلان کر دیا ،تفصیلات کے مطابق سکیورٹی پیپرز لمیٹڈنے 31 دسمبر 2023ء کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق کمپنی کا منافع 746 ملین روپے (فی شیئر آمدنی 12.59 روپے) ریکارڈ کیا گیا ، جو گزشتہ سال اسی مدت میں رپورٹ ہونے والے 336ملین روپے (فی شیئر آمدنی 5.67 روپے) کے منافع کے مقابلے میں 122 فیصد زیادہ ہے۔نتائج کے مطابق، کمپنی کی آمدنی 38 فیصد بڑھ کر 3.49بلین روپے ہو گئی ہے جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 2.53بلین روپے تھی۔کمپنی کی مالیاتی لاگت گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 26 فیصد بڑھ کر 2.51 بلین روپے ہو گئی ۔