سانحہ خانوزئی کے متاثرین کومعاوضہ اداکیاجائے‘ آل پارٹیز

February 22, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل پارٹیز پی بی 47 پشین ، کاریزات برشور کے رہنماوں نے سانحہ خانوزئی کے شہداء کے لواحقین کے لئے شہداء پیکج کے اعلان کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا ءکے خاندانوں کے لئے 50 ، 50 لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے 20 ، 20 لاکھ روپے معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے حاجی سلطان کاکڑ ، پشتونخوا نیپ کے نصر اللہ خان زیرے ،اے این پی کے عبدالباری کاکڑ ، پشتونخوامیپ کے فرید خان پانیزئی و دیگر نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی رہنماؤں نے کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کو 7 دن تک بہتر علاج معالجے کی سہولت فراہم نہیں کی گئی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہر شہید کے خاندان میں سے ایک شخص کو سرکاری نوکری دی جائے ، شہداء کے بچوں کے تعلیمی اخراجات حکومت ادا کرئے ، ٹی ایچ کیو خانوزئی میں ٹراما سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ امن و امان کے لئے خانوزئی بازار میں سی سی ٹی وی کیمرنصب کیے جائیں بصورت دیگر بھرپور تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے ۔