صبا شکور کا ’’مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس‘‘ میں ماسٹرز

February 23, 2024

لوٹن ( نمائندہ جنگ) صبا شکور قاضی نے ہرٹفورڈ شائر یونیورسٹی سے مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس میں ماسٹرز کے ساتھ گریجویشن کیا ہے۔نمائندہ جنگ لوٹن کے مطابق صبا شکور نے عمان سے امتیازی نمبرز سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی، صبا شکور قاضی کی لگن اور تعلیمی صلاحیت ان کی تعلیمی کاوشوں کے دوران واضح رہی ہے۔ بہترین کارکردگی کیلئے ان کی وابستگی ان کے تعلیمی کیریئر کی ایک پہچان رہی ، قاضی عبدالشکور کی بیٹی صبا اپنے خاندان کیلئے باعث فخر رہی ہیں۔ ان کے والد قاضی عبدالشکور عمان میں مقیم ایک ممتاز پاکستانی تارکین وطن ہیں جو اپنی فلاحی خدمات اور کاروباری برادری میں قابل احترام مقام کی وجہ سے پہچان رکھتے ہیں۔ قاضی شکور نے بیٹی کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہ صبا کی لگن، سخت محنت اور تعلیمی کامیابی ان کی بہترین کارکردگی سے وابستگی اور علم کے حصول کیلئے ان کی ثابت قدمی کا ثبوت ہے۔ گریجویشن کے بعد صبا شکور قاضی مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کی خواہش مند ہیں اور اپنے علم اور مہارت کے ذریعے مثبت اثرات مرتب کرنا چاہتی ہیں۔