فاسٹ موونگ کنزیومر گڈز سٹینڈنگ کمیٹی کے قیام کا اعلان کر دیا گیا

February 23, 2024

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے ڈسٹری بیوٹرز کے مسائل کو اجاگرکرنے اور ان کے حل کیلئے سرحد چیمبر کی سطح پر فاسٹ موونگ کنزیومرگڈز (ایف ایم سی جی) سٹینڈنگ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کنزیومرگڈز کے کاروبار سے وابستہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے سرحد چیمبر کے فورم سے بھرپور اندازمیں آواز اٹھائی جائے گی۔ اس امر کا اعلان انہوں نے گذشتہ روز ایف ایم سی جی کے صدر عاطف شہزاد اور کابینہ کی جانب سے اُن کے اعزاز میں دی گئی تقریب میں کیا۔سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق نے کہا کہ پوائنٹ آف سیل (POS)کے باعث ڈسٹری بیوشن کے کاروبار سے وابستہ لوگ شدید مشکلات سے دوچار اورکافی پریشان ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ POS کے مسئلہ کے فوری حل کیلئے سرحد چیمبر کے پلیٹ فارم سے ایف بی آر کے ساتھ موثر انداز میں بات چیت کی جائے گی