پشاور (خصوصی نامہ نگار) پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل خان نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے وی سی جبکہ ڈاکٹر زوہیب خان نے یونیورسٹی کے رجسٹرار کی حیثیت سے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا ہے۔ حکومتِ خیبر پختونخوا کے محکمہ ہائر ایجوکیشن، آرکائیوز اینڈ لائبریریز کی جانب سے دونوں عہدوں پر تقرریوں کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کئے گئے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل خان ایک ممتاز ماہرِ تعلیم، محقق اور ڈاکٹر ہیں۔ وائس چانسلر کا منصب سنبھالنے سے قبل وہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسر اور ڈائریکٹر فیملی میڈیسن کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ڈاکٹر زوہیب نے بھی بطور رجسٹرار عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے، یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، افسران، ملازمین اور طلبہ نے وی سی اور رجسٹرار کی تقرریوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔