• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپر چترال کی 50 خواتین کی پیشہ ورانہ اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت مکمل

پشاور (خصوصی نامہ نگار) اپر چترال کی 50 خواتین نے حجرہ ویلیج سپورٹ آرگنائزیشن کی ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ انیشی ایٹو کے تحت سلائی، درزی کاری اور فیشن ڈیزائننگ کی پیشہ ورانہ تربیت کامیابی سے مکمل کرلی۔اس اقدام کے تحت شروع کیے گئے ’’بااختیار خواتین منصوبے‘‘ کا مقصد خواتین کو پیشہ ورانہ، ڈیجیٹل اور کاروباری مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ چھوٹے کاروبار شروع کرکے آمدن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے خاندانوں کی مالی معاونت میں بھی کردار ادا کرسکیں۔یہاں جاری کردہ بیان کے مطابق اس سلسلے میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سینٹر فار ویمنبونی، اپر چترال میں منعقد ہوئی، جس میں ڈسٹرکٹ فنانس آفیسر محترمہ فرحانہ حیات بطور مہمان خصوصی تھیں۔ خواتین کی کاروباری اور مارکیٹ سے متعلق صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے شرکاء کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کاروباری افراد کے لیے ای کامرس، ٹیکنالوجی سے آگاہی اور عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔تربیتی پروگرام دو بیچز میں منعقد کیا گیا، جس میں داخلہ لینے والی تمام 50 خواتین نے کامیابی سے تربیت مکمل کی۔تربیت مکمل کرنے پر ہر شریک خاتون کو سرٹیفکیٹ کے ساتھ ایک موبائل فون بھی فراہم کیا گیا تاکہ وہ ڈیجیٹل ذرائع اور مواقع تک مسلسل رسائی حاصل کرتے ہوئے اپنی مہارتوں، مصنوعات اور خدمات کو فروغ دے سکیں۔حجرہ وی ایس او نے اس اقدام کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے پر پاکستان غربت مٹائو فنڈ (پی پی اے ایف) اورپی ٹی سی ایل جبکہ تربیتی پروگرام کے دوران تکنیکی معاونت اور شراکت داری پر انسٹی ٹیوٹ آف رورل مینجمنٹ کو سراہا ہے۔تنظیم نے منصوبے کی کامیاب تکمیل میں فرحانہ حیات، جی ٹی وی سی ویمن کی انتظامیہ، تربیت کاروں، شرکا، منصوبے کے شراکت داروں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو بھی سراہا۔
پشاور سے مزید