پشاور (خصوصی نامہ نگار)سری لنکا میں انٹر نیشنل کراٹےفل کنٹیکٹ شن کیوکوشن کراٹے چیمپئن شپ میںگولڈ میڈ ل جیتنے والے پشاور کے انٹرنیشنل کراٹے کھلاڑی شمس العارفین کے لئے صوبائی وزیر جنگلات پیر مصور شاہ اور سیکرٹری جنگلات جنید خان نے 50ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔ چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شمس العارفین نے کاتامیں گولڈ میڈل جبکہ کمیتے کیٹگری میں سلور میڈل جیتا ہے۔ شمس العارفین اور ان کے کوچ صاحبزادہ الہادی نے صوبائی وزیر جنگلات و موسمیات پیر مصور شاہ اور سیکرٹری جنگلات و موسمیات جنید خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اور سیکرٹری نے شمس العارفین کی بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں ٹرافی پیش کی اور ان کی حوصلہ افزائی کے50 ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔صوبائی وزیر پیر مصور شاہ اور سیکرٹری جنید خان نے کہا کہ جو کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور خیبر پختونخوا کا نام روشن کر رہے ہیں، محکمہ کھیل کو ان کی بھرپور حوصلہ افزائی اور سرپرستی کرنی چاہئے تاکہ نوجوان کھلاڑی مزید محنت اور لگن کے ساتھ ملک کے لیے اعزازات حاصل کر سکیں۔