• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور صنعت و تجارت کا پہیہ چلے گا تو روزگار کے مواقع بڑھیں گے، حاجی غلام علی

پشاور(جنگ نیوز) پشاورصنعت و تجارت کا پہیہ چلے گا تو روزگار کے مواقع بڑھیں گے، بے روزگاری اور بدامنی میں کمی آئے گی، حکومتوں کو سیاست سے پہلے ان عملی اقدامات پر توانائیاں صرف کرنا ہوں گی ۔ان خیالات کا اظہار سابق گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق ایگزیکٹو ممبر حاجی نصیر خان نے چارسدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صدر میجر اکبر جان، سینئر نائب صدر کاشف کامران، نائب صدر سعادت اللہ خان اور گروپ لیڈر سکندر خان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ بزنس کمیونٹی کے نمائندوں صنعت کاروں تاجروں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ سابق گورنر حاجی غلام علی نے بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چارسدہ چیمبر کی نئی قیادت پر صنعت و تجارت کے فروغ اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے حوالے سے ایک اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اپنے علاقے اور صوبے کی صنعتی و تجارتی ترقی کے لیے مسلسل جدوجہد اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس جدوجہد میں بزنس کمیونٹی اور چیمبر کی نئی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔صنعت و تجارت کا پہیہ مسلسل چلتا رہے گا تو روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے اور بے روزگاری، غربت اور بدامنی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
پشاور سے مزید