پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم نے ، کوہاٹ میں پنڈی روڈ پر گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر4کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن خیبرپختونخوا فضل ہادی، کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ، ناظم توغ بالا شوکت خان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوہاٹ ظہور خان اور پاکستان تحریک انصاف کوہاٹ کے سینئر رہنماؤں سمیت دیگر متعلقہ حکام اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر 4کا قیام کوہاٹ میں طالبات کیلئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع میں اضافے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر آفتاب عالم نے کہا کہ معیاری تعلیم تک آسان رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور بالخصوص طالبات کو اپنے ہی علاقے میں اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف ان کے تعلیمی مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ وہ مستقبل میں معاشرے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بھی ہونگی۔