پشاور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صدر اور وفاقی حکومت کے کوآرڈینیٹر برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ انتحاب خان چمکنی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو سیاسی محاذ آرائی نہیں بلکہ امن، استحکام اور ذمہ دار حکومت کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں سے منہ نہ موڑے۔ صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور بدامنی پر تشویش ہے، عوام مزید سیاسی کشیدگی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ ایک بیان میں انتحاب خان چمکنی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کروڑوں عوام کا صوبہ ہے، اسے سیاسی سرگرمیوں کا میدان بنانے کے بجائے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اس لیے موجودہ حالات کو سیاسی بیان بازی اور الزام تراشی کے ذریعے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اصل امتحان جلسہ، جلوس یا سیاسی نعرہ نہیں بلکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔