پشاور(جنگ نیوز)محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے گزشتہ ہفتے صوبہ بھر میں سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں 1611 فعال آٹا ڈیلرز کے ذریعے مجموعی طور پر 4 لاکھ 17 ہزار 168 آٹے کے تھیلے شہریوں کو فراہم کیے گئے۔محکمہ خوراک کے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے پشاور ڈویژن میں 1 لاکھ 1 ہزار 955، مردان ڈویژن میں 59 ہزار 389 جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں 1 لاکھ 20 ہزار 737 آٹے کے تھیلے فراہم کیے گئے۔اسی طرح ہزارہ ڈویژن میں 38 ہزار 129، بنوں میں 12 ہزار 588، ڈی آئی خان ڈویژن میں 41 ہزار 688 جبکہ کوہاٹ ڈویژن میں 42 ہزار 682 آٹے کے تھیلے سرکاری نرخ پر فراہم کیے گئے۔محکمہ خوراک کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے صوبائی اسٹریٹجک ریزرو سے فلور ملز کو روزانہ 3 ہزار میٹرک ٹن سرکاری گندم کی ریلیز جاری ہے، جبکہ شہریوں کو منتخب ڈیلرز کے ذریعے 20 کلوگرام سرکاری آٹے کا تھیلا 2 ہزار 520 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔محکمہ خوراک نے مزید بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 8 فلور ملز پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی اور محکمہ خوراک کی ٹیمیں گندم اور آٹے کے معیار کی باقاعدگی سے نگرانی کر رہی ہیں۔