پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (کے پی ازڈمک) اور انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور کے سنٹر آف ایکسیلنس برائے ہائی ٹیک اینڈ ڈیجیٹل اسکلز کے درمیان نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے پر کے پی ازڈمک کے سی ای او شہریار گل اور سنٹر آف ایکسیلنس کے سربراہ ڈاکٹر محمد علی نے دستخط کیے۔ تقریب میں دونوں اداروں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت آئی ایم سائنسز کے سنٹر آف ایکسیلنس میں زیر تربیت طلبہ کو کے پی ازڈمک کے زیر انتظام صنعتی زونز میں آن دی جاب ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ طلبہ کو ان کے متعلقہ شعبوں میں عملی پراجیکٹس پر کام کرنے اور ماہرین کی نگرانی میں پیشہ ورانہ مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ واضح رہے کہ یہ سنٹر آف ایکسیلنس ٹیم یورپ ٹی ویٹ سیکٹر سپورٹ پروگرام کے تحت برٹش کونسل کے تعاون اور یورپی یونین اور جی آئی سی کی مالی معاونت سے قائم کیا گیا ہے۔ سنٹر میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر سیکورٹی، کلاؤڈ انجینئرنگ، بلاک چین، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، سافٹ ویئر اور ویب ڈویلپمنٹ، گیم ڈویلپمنٹ اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت 15 سے زائد جدید کورسز میں تربیت دی جارہی ہے۔