صدر بائیڈن کے کتے نے سیکریٹ سروس کے ایجنٹس کو کاٹ لیا

February 23, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے کتے ’’کمانڈر‘‘ نے صدر اور خاتون اول کی سیکورٹی پر مامور سیکریٹ سروس کے ایجنٹس کو کاٹ لیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سگ گزیدگی کے واقعات 24؍ مرتبہ پیش آئے جس کے بعد صدر بائیڈن کے جرمن شیفرڈ کتے کو وائٹ ہائوس سے نکال دیا گیا ہے۔ وائٹ ہائوس میں اس جرمن شیفرڈ کی موجودگی ایک خطرہ بن گئی تھی اور اس کتے کی وجہ سے ایجنٹس کو اپنا کام کرنے کا طریقہ تبدیل کرنا پڑا۔ کتے کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات کے بعد صدارتی پروٹیکٹیو ڈویژن کی جانب سے ایجنٹس کو لکھی گئی ایک ای میل میں انہیں (ایجنٹس کی) اپنی حفاظت کیلئے تخلیقی سوچ اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ اس ضمن میں انٹرنل کمیونیکیشن پر بھیجی گئی ایک ای میل پڑھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ نومبر 2022میں کمانڈر نے باوردی ڈویژن افسر کے دائیں بازو اور ران پر اتنی زور سے کاٹا کہ اسے اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔