ڈکیٹ بے لگام، فائرنگ سے کمسن بچی سمیت دو افراد جاں بحق

February 24, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں ڈکیٹ بے لگام ،ڈاکوئوں کی فائرنگ سے کمسن بچی سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹاون تھانے کی حدود کورنگی 4 نمبر اویس شہید پارک کے قریب ڈکیتوں کی فائرنگ سے کمسن بچی جاں بحق جبکہ ایک لڑکی زخمی ہوگئی،دونوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں جاں بحق بچی کی شناخت 2 سالہ حورعین جبکہ زخمی لڑکی کی 19 سالہ رافعہ دختر عرفان کے نام سے ہوئی،جاں بحق بچی کے نانا محمد صغیر کے نے بتایا کہ میرے نواسے نے نئی ماڈل کی موٹر سائیکل خریدی ہے ،وہ فیکٹری سے واپس آرہا تھا کہ گھر کی دہلیز پر ڈاکو آ گئے بچی کے چچا کے مطابق اسکا بھائی جیسے ہی گھر پہنچا تو ڈاکوؤں نے اسے گھیر لیا ،بھائی نے مزاحمت بھی نہیں کی لیکن ڈاکوؤں نے گولی چلا دی،بھتیجی گھر کے سامنے گلی سے مرکزی دروازے سے داخل ہورہی تھی ، گولی بچی کو گردن میں لگی جوموقع پر ہی جاںبحق ہوگئی تھی جبکہ فائرنگ سے 19 سالہ رافعہ بھی زخمی ہوئی جو راہگیر بتائی جاتی ہے۔جاں بحق ہونے والی بچی چار بہنوں میں سب سے چھوٹی تھی،بچی کے ورثاء غم سے نڈھال ہیں ۔پیر آبادتھانے کی حدود اورنگی ٹائون بنارس پل کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر دو سگے بھائیوں کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے،بعد ازاں ایک زخمی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 20 سالہ عبدالمعیز جاں بحق جبکہ اس کا بھائی 16 سالہ عبدالمنان شدید زخمی ہوا، عینی شاہدین کے مطابق عبدالمعیز اور منان موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان نے دونوں بھائیوں سے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں بھائی شدید زخمی ہوگئے۔20 سالہ معیز نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑا جبکہ منان شدید زخمی ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔ سرسید ٹاون تھانے کی حدود نارتھ کراچی محمد شاہ قبرستان گیٹ نمبر 2 کے قریب مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پرگولی مار کر 35 سالہ محمد منیر ولد محمد سلطان کو زخمی کردیا اور لوٹ مار کے بعد موقع سے فرار ہوگئے،منگھو پیر تھانے کی حدود منگھوپیر زیبو گوٹھ میں نامعلوم ملزما ن نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر احسن نامی شخص کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔