بچی کو اغوا اور جبری شادی کرنیوالے کو گرفتار کیا جائے‘ بصرا ں بی بی

February 24, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نال گریشہ کی رہائشی بصراں بی بی نے کہا ہے کہ میری کم عمر بچی کو اغوا کرکے جبری شادی کرنے والے شخص کے خلاف کارروائی اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں ڈاکٹر شلی بلوچ و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ محمد یونس نے کچھ دن پہلے میری بیٹی کو اغوا کرکے جبری شادی کرلی ، بچی کا والد فوت ہوچکا ہے، رشتہ دار ہونے کے ناطے میں نے اپنی بچی کو محمد یونس کے گھر تعلیم کے حصول کے لئے بھیجا تھا لیکن انہوں نے جائیداد ہتھیانے کے لئے جعل سازی کرکے میری بچی سے کم عمری میں جبری طور پر شادی کی ،میڈیکل سرٹیفکیٹ میں میری بچی کی عمر غلط درج کی گئی ۔ اس ناروا اقدام کے باوجود مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی ، نال پولیس تھانہ میں مقدمہ درج کرنے سے انکار کیا اور مجھے برا بھلا کہا گیا ، اس ظلم کے خلاف خضدار میں پریس کانفرنس کرکے میڈیا کے توسط سے آواز بلند کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ، اب میری بچی کو خضدار میں غیرقانونی طور پر ایک قبائلی شخصیت کے حوالے کیا گیا ۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی اور مجھے انصاف فراہم کیا جائے ۔