گورنر کی جانب سے اسٹریٹ کرائمز کا شکار افراد میں موٹر بائیکس کی تقسیم

March 01, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسٹریٹ کرائمز کا شکار افراد میں موٹر بائیکس تقسیم کیں۔ ایسے208افراد کو موٹر سائیکلز دی گئیں جو یکم اکتوبر سے 31دسمبر کے دوران اسٹریٹ کرائمز کا شکار ہوئے تھے، اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینا چاہتا ہوں، اخلاقی اختیار کی بدولت یہ کام کررہا ہوں۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ نے سال کے آغاز میں تین ماہ کے دوران موٹر سائیکلوں سے محروم ہونے والے افراد کے لئے اعلان کیا تھا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مرحلہ وار مزید موٹر سائیکل تقسیم کریں گے، تمام فلاحی اقدامات میں ایک روپے کا سرکاری فنڈ شامل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی گورنر کا لقب ملنے پر فخر ہے، میری ٹیم نے یہاں 24، 24گھنٹے میرے ساتھ کام کیا ہے، کوئی بھی مایوس شخص انتہائی اقدام سے پہلے مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے۔