کیمرج یونیورسٹی میں راہول گاندھی کو بلانے کیخلاف مظاہرہ

March 02, 2024

لندن (جنگ نیوز)برطانیہ کی کیمرج یونیورسٹی میں انڈین کانگریس پارٹی کے رہنماراہول گاندھی کو یونیورسٹی میں بلائے جانے کے خلاف سکھ فار جسٹس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا ۔مظاہرے میں خالصتان حمایتی تحریک کے افراد نے شرکت کی اور یونیورسٹی انتظامیہ اور راہول گاندھی کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرے سے اظہار خیال کرتے ہوئے سکھ فار جسٹس تحریک کے رہنماوں گرپریٹ سنگھ، پرم جیت سنگھ کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی کے والد اور دادی کے دور میں دہلی اور پنجاب میں سکھوں پر بدترین مظالم کیے گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد کو کیمرج جیسی عظیم تعلیمی درسگاہ میں بلانا سکھوں کےخلاف زیادتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کو ایسے افراد کو اپنی حدود میں بلانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ آگر آئندہ ایسی کسی شخصیت کو بلایا گیا تو وہ کیمرج یونیورسٹی کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔