برطانوی کمپنی ریاض میں دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ تیار کرے گی

March 02, 2024

لندن( نمائندہ جنگ) برطانیہ کی تعمیراتی فرم نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ تیار کرنے کی بولی جیت لی۔عرب میڈیا کی مطابق برطانیہ کی تعمیراتی فرم ’’میس‘‘ ریاض کے کنگ سلمان انٹرنیشنل ائرپورٹ کیلئے ڈیلیوری پارٹنر کے طور پر کام کرے گی جو 2030 کے افتتاح کے بعد دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہوگا۔ مڈل ایسٹ اکنامک ڈائجسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ متعدد بین الاقوامی فرموں نے گزشتہ سال سے بولی کیلئے مقابلہ کیا لیکن برطانوی فرم ’’میس‘‘ نے بولی جیت لی۔ فرم پروجیکٹ اور ڈیزائن تیار کرے گی، برطانوی فرم کے پاس ہوائی اڈے کی تعمیر اور دیکھ بھال کا کافی تجربہ ہے جس میں لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے تیار کرنے کا 30 سالہ معاہدہ بھی شامل ہے جو یورپ کا سب سے بڑا ہوائی اڈا ہے۔ گزشتہ سال، میس کو ہیتھرو میں بہتری کے تین بڑے منصوبوں کے لیے ڈیلیوری پارٹنر مقرر کیا گیا تھا۔ ہوائی اڈاے کی عمارتوں کا ڈیزائن برطانوی فرم تیار کرے گی جب کہ امریکی کمپنی جیکبز انفراسٹرکچر ڈیزائن کرے گی۔57 مربع کلومیٹر کے منصوبہ بند سائز کے ساتھ، KSIA چھ متوازی رن ویز پر مشتمل ہوگا۔ ہوائی اڈہ ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے موجودہ ٹرمینلز کو بھی شامل کرے گا، جو 1983 میں کھولا گیا تھا۔مسافروں کی گنجائش کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا آپریٹنگ ہوائی اڈہ بن جائے گا۔