تمام جماعتیں مل کر ملک کو بحران سے نکالنے کی کوشش کریں، ضیاء عباس

March 03, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیئنر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں مل کر پاکستان کو بحران سے نکالنے کی کوشش کریں،ملک جس معاشی مسائل سے دوچار ہے اس میں تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جس طرح عمران خان کو اپوزیشن لیڈر ہوتے ہوئے میثاق معیشت کا فارمولا پیش کیا تھا اگر اس پر اس وقت کے وزیر اعظم عمل کرتے تو ملک آج معاشی طور پراس مقام پر نہیں ہوتا، بانی پی ٹی آئی نے آج بھی اسی قسم کی سیاست پر عمل پیرا ہے جس سے ملک معاشی طور پر مستحکم نہ ہوسکے،یہ بات خوش آئند ہے کہ ان کے ارکان نے ملک بھر میں حلف اٹھاکر ثابت کردیا کہ حالیہ انتخابات کے حوالے سے ان کے الزامات بے بنیاد ہیں، ماضی میں ہر انتخابات سیاسی جماعتوں نے افواج پاکستان کی نگرانی میں کرانے پر زور دیا تاہم جس جماعت کو بھی شکست کا سامنا کرنا پرا اس نے دھاندلی کے الزامات لگا کر اسے متنازع بنانے کی کوشش کی۔