ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سوشل میڈیا اور مذہبی انتہا پسندی پر سیمینار

March 03, 2024

ملتان(سٹاف رپورٹر ) ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سوشل میڈیا اور مذہبی انتہا پسندی کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کا بنیادی مقصد مذہبی رواداری کو فروغ دینا اور مذہبی انتہا پسند سرگرمیوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی دینا تھا۔ڈاکٹر عائشہ حکیم نے سوشل میڈیا گروپ جیسے کے واٹس ایپ اور فیس بک پر موجود نفرت انگیز مواد سے بچنے اور اسکو رپورٹ کرنے کے مختلف طریقوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال میں رواداری اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فواد ظفر احمد خان نے طلباء طالبات کو سوشل میڈیا کے معتدل استعمال کی ترغیب دی۔انہوں نے کہا کہ ایسے مواد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جو مختلف عقائد کے احترام پر روشنی ڈالے اور تصادم کی بجائے مثبت سوچ کی حوصلہ افزائی کرے.ڈاکٹر نگہت رضا نے سٹوڈنٹس کو کسی بھی انتہا پسند صورت حال سے نبردآزما ہونے کے مختلف آپشنز پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ حقائق کی جانچ پڑتال غلط معلومات کے فروغ کے روک تھام میں اہم کردار ادا کرتی ہے. اس کے علاوہ اعتدال پسندی کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔ مذہب سے متعلق کسی بھی قسم کے غلط معلومات کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کرنا اہم ہے۔ایسے اکاؤنٹس اور پوسٹس کی اطلاع دیں جو تشدد یا نفرت انگیز تقریر کو فروغ دیتے ہیں۔سیمینار میں طلباء و طالبات اور فیکلٹی ممبرز نے شرکت کی۔