فکسنگ میں سزا یافتہ ناصر جمشید کا اعتراف جرم، معافی بھی مانگ لی

April 15, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ ٹیسٹ اوپنر ناصر جمشید نے کئی سالوں بعد اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے معافی مانگ لی اور ندامت کا اظہار کیا ہے۔ سزا کے بعد ناصر جمشید برطانیہ میں خاموشی سے زندگی گذار رہے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ اعتراف جرم کے بعد آئی سی سی سے معافی کے لئے باضابطہ درخواست دیں گے۔ اسی طرح دیگر کرکٹرز کو بھی معافی مل چکی ہے۔ ناصرجمشید نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ جو میں نے کیرئیر کے ساتھ کیا اس پر خود کو معاف نہیں کرپاؤں گا، اپنے کیے پر شرمندہ ہوں۔ انہوں نے اپنی بیٹی کی ٹریننگ کی وڈیو بھی پوسٹ کی لکھا کہ میں اپنا ٹیلنٹ اپنی بیٹی کو منتقل کرنے کی کوشش کروں گا ۔ خیال رہے کہ ناصرجمشید پر 2017 میں پی ایس ایل میں فکسنگ پر اکسانے کے الزامات پر پابندی عائد کردی گئی تھی، اگست 2018 میں ان پر انڈیپینڈنٹ اینٹی کرپشن ٹریبونل نے دس سال کی پابندی عائد کردی تھی، فروری 2020 میں انہیں سترہ ماہ کے لیے برطانیہ میں جیل ہوئی تھی۔