میر شفیق مینگل بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے، جھالاوان عوامی پینل

April 16, 2024

کوئٹہ (آن لائن) جھالاوان عوامی پینل کے مرکزی رہنما ندیم الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ منافقت کو میثاق جمہوریت کہنے والوں کو اتحاد سمیت شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، ایک جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ 21 اپریل کو پی بی وڈھ سے میر شفیق الرحمٰن مینگل بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے، ملک بھر میں جمعیت علمائے اسلام کا ضمنی انتخابات سے بائیکاٹ لیکن خضدار میں قائد جمعیت کے حکم و فیصلے کے خلاف اقدام سے خضدار کے چند لوگوں کا خیال ہے کہ میثاق جمہوریت قائم کی ہے حالانکہ ہر ذی شعور سیاسی کارکن جانتا ہے کہ وڈھ کے حلقے پر گرتی دیوار کو سہارا دینا بلوچستان اور بلوچ عوام کے ساتھ نا انصافی ہے، اس اتحاد کو میثاق جمہوریت نہیں میثاق منافقت کہا جائے تو بے جا نہ ہوگاجو گزشتہ پانچ سالہ دور اقتدار میں سودے بازی کے کوئی بہتری نہ دکھا سکا۔ اربوں روپے کے فنڈز پر وزارتوں اور عہدوں پر وسائل کا سودا کیا لاپتہ افراد کے لواحقین سے دھوکہ کرنے والے نام نہاد قوم پرست پارٹی اب بری طرح شکست سے دوچار ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر سے مسترد ٹولہ تخت وڈھ کو بچانے کیلئے نت نئے ہربوں کے ذریعے غیر جمہوری رویوں پر کاربند ہے۔