شاہی سید اے این پی کے صوبائی صدر، یونس خان بونیری جنرل سیکرٹری منتخب

April 17, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صوبائی کونسل کا اجلاس باچاخان مرکز سندھ میں منعقد ہوا، صدارت اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور چیئرمین مرکزی الیکشن کمیشن میاں افتخار حسین نے کی، اجلاس میں متفقہ طور پر کونسل اراکین نے شاہی سید کو آئندہ چار سال کے لیئے صوبائی صدر جبکہ یونس خان بونیری کو جنرل سیکرٹری منتخب جبکہ دیگر عہدیداروں کا بھی انتخاب کیا گیا ،اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور چیئرمین مرکزی الیکشن کمیشن میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخابات اس بات کا ثبوت ہے کہ اے این پی ایک جمہوری پارٹی ہے،انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آئے دن کا اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے،حکومت اگر آئی ایم ایف کے کہنے پر ٹیکسوں میں اضافہ کررہی ہے تو عوام کے بجائے سرمایہ داروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے، امن وامان کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے،انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کے بیس نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ، فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مزمت کرتے ہیںیہ جنگ نہیں ہے بلکہ یکطرفہ طور پر قتل عام ہے،فلسطین کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا جائے، عالمی برادری امن قائم کرنے کے لیئے اپنا کردار ادا کرے۔