نئی سائبر کرائم ایجنسی کا قیام ملتوی، موجودہ سائبر سیٹ اپ کو بہتر کیا جائیگا

April 17, 2024

کراچی(اسد ابن حسن) حکومت نے وزیر داخلہ اور ایف ائی انتظامیہ کی مشاورت سے نئی سائبر کرائم ایجنسی این سی سی اے کا قیام ملتوی کر دیا ہے اور نئے فیصلے کے مطابق ایف آئی اے میں موجود سائبر کرائم ونگز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے اس بات کا اظہار گزشتہ روز وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں کیا تھا۔ نگراں حکومت نے اپنے دور حکومت میں یہ فیصلہ کیا تھا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگز سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغامات اور ویڈیوز کی بیچ کنی کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات اور کاروائیاں نہ کر سکی نہ ہی ادارے سے مختلف پرائیویٹ کمپنیاں تعاون کرتی تھیں اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایک انڈیپینڈینٹ ادارہ تشکیل دیا جائے جس کا نام نیشنل کرائم ایجنسی رکھا جائے اور اس میں ایف ائی اے سے ماہر ترین افسران کو تعینات کیا جائے جو صرف سائبر کرائم سے متعلق الزامات کی تحقیقات کرے۔ اس ایجنسی کی انتظامیہ بالکل الگ ہو اور اس کا تعلق ایف آئی سے بالکل نہ ہو۔ اس حوالے سے عید کی تعطیلات سے قبل تمام کاغذی کاروائی اور طریقہ کار طے پا گیا تھا۔