9 مئی، پراسیکیوٹر کا جج کیخلاف ریفرنس دائر، جج کا کارروائی روکنے سے انکار

April 18, 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)9مئی مقدمات میں پراسیکیوٹر نے جج کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا، ریفرنس میں جج پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کئے بغیر عمران، شاہ محمود کو ریفریجریٹر فراہم کرنے ، جیل انتظامیہ سے بد سلوکی کے الزامات لگائے گئے جبکہ فاضل جج نے تمام الزا مات مسترد کرتے ہوئے کارروائی روکنے سے انکار کر دیا۔عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ جب تک اتھارٹی ریفرنس کا فیصلہ نہیں دیتی قانون کے مطابق مقدمات کی سماعت جاری رہے گی۔ قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے 9مئی مقدمات میں پی ٹی آئی کے سابق وزراء اور رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 30اپریل تک توسیع کر دی، گزشتہ روز سابق وفاقی و صوبائی وزراء شیریں مزاری، زرتاج گل، شہریار آفریدی، راجہ بشارت اور شیخ رشید سمیت تحریک انصاف کے رہنما و کارکن عدالت میں موجود تھے اس موقع پر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر راولپنڈی نے بتایا کہ پراسکیوٹر جنرل پنجاب نے ایک ریفرنس میں مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے عدالت ہذا کو 9مئی واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت سے روک دیا ہے اس بابت تحریری حکم بھی عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے،ریفرنس میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ 25مارچ کو جج صاحب نے عمران خان کے سیل کا دورہ کیا اور انہیں مخاطب کر کے کہا کہ میں آپ کے لئے کیا کرسکتا ہوں، سابق چیئرمین کی جانب سے ریفریجریٹر کی استدعا پر عدالت نے ان سے درخواست وصول کر کے پراسیکیوشن کو کوئی نوٹس جاری کئے بغیر نہ صرف انہیں بلکہ شاہ محمود قریشی کو بھی ریفریجریٹر فراہم کرنے کا حکم دیا جبکہ یہ دونوں ملزم جیل میں ہیں اور اپنے خلاف درج مقدمات میں جج کے روبرو پیش ہوتے ہیں ایسے میں ملزمان سے ذاتی ہمدردی رکھنا جیل قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا یہ معاملہ مجاز اتھارٹی کو بھجوایا جائے اور 9مئی واقعات سے متعلق مقدمات کی کارروئی روک دی جائے۔