لانگ سائٹ وارڈ کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کرینگے، چوہدری شہباز سرور

April 20, 2024

گریٹر مانچسٹر /بولٹن (ابرار حسین) مانچسٹر کی لانگ سائٹ وارڈ سے ورکر پارٹی کے نامزد امیدوار چوہدری شہباز سرور نے کہا ہے کہ لانگ سائٹ وارڈ ایک پسماندہ علاقہ ہے جہاں ہاؤسنگ صحت تعلیم بیروزگاری اوربچوں کے کھیل کے میدان جیسے مسائل کاسامناہے جس پر لیبرپارٹی نے کبھی توجہ نہیں دی بلکہ ہمیشہ نظراندازکیا ہے جس سے یہ وارڈ مسائل کی آماجگاہ بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عرصہ دراز سے لانگ سائٹ وارڈ گوناگوں مسائل کاشکار ہے اس وقت اس ضرورت کو محسوس کیا جارہا ہے کہ ان تمام تر مسائل کے حل کیلئے مقامی سیاست میں ایک ایسے تعلیم یافتہ نوجوان کو لایا جائے جو اپنی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے مقامی اداروں میں آواز اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا اگر میری کمیونٹی نے میری حوصلہ افزائی کی تو میں منتخب ہو کر کمیونٹی کے مسائل حل کرانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کروںگا اور بھرپورجدوجہدکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی الیکشن کے دنوں میں کمیونٹی کو خوبصورت نعرے اورپروگرام پیش کرتی ہے الیکشن کے ختم ہوتے ہی وہ ووٹروں سپورٹروں کو فراموش کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا ورکر پارٹی کا بنیادی مقصد معاشرے میں سیاسی اور سماجی اقدار کو بلندکرنے کے علاوہ علاقے کی تعمیر وترقی پر توجہ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کیلئے دروازے پردستک دینے والے امیدوار سے سوال کیا جانا چاہئے کہ ماضی میں اس وارڈ کو نظرانداز کیوں کیا گیااوراب کی بار وہ کامیاب ہوکر کمیونٹی کیلئے کیا کریں گے۔ انہوں نے کہا ہار جیت سیاسی کھیل کاحصہ ہے 2 مئی کے انتخابات میں فتح حاصل کرلوں یا شکست لانگ سائٹ وارڈ کی عوام کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ان کے حقوق کیلئے جنگ لڑتا رہوں گا۔ اس موقع پر معروف سیاسی رہنما چوہدری ندیم آف گرمالہ ، فاروق چیمہ، استاد محمد صفدر، آصف بٹ، توصیف انجم اور چوہدری علی سمیت لانگ سائٹ وارڈ سے کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے ورکر پارٹی میں شامل ہوکر چوہدری شہباز سرور کی حمایت کا بھرپور اعلان کیا۔ چوہدری ندیم آف گرمالہ ، فاروق چیمہ اور استاد صفدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ چوہدری شہباز سرور ایک تعلیم یافتہ نوجوان ہیں وہ اپنی کامیابی کی صورت میں عوامی مسائل کے ساتھ ساتھ کونسل کے ایوانوں میں مسلمانوں کی شناخت کو نمایاں کرنے اور مقامی سیاست میںمسلمانوں کے خلاف پائے جانے والے تاثر کو کم کرنے میں گرانقدر خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کمیونٹی کو چاہئے کہ وہ برادری ازم علاقیت ازم کو بالائے طاق رکھ کر اپنے قیمتی ووٹ کا صحیح استعمال کرکے ورکر پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرانے کی کوشش کرے تاکہ علاقے کے مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔