روٹی اورنان مقرر نرخ پرفروخت نہ ہوسکے ،وزن میں بھی کمی

April 20, 2024

لاہور(نسیم قریشی سے) ضلعی انتظامیہ کے تمام دعوؤں اقدامات کے باوجود شہر بھر میں روٹی 16روپے اور نان 20روپے میں فروخت نہ کروا سکی، بیشتر نے روٹی نان کے وزن میں کمی کر دی۔ شہر کے متعدد علاقوں میں روٹی 20روپے اور نان 30روپے میں فروخت کئے جا رہے ہیں جبکہ خمیری روٹی 30روپے میں سر عام فروخت ہو رہی ہے۔ بار بی کیو والے ریستورانوں پر خمیری روٹی50روپے کی فروخت کی جا رہی ہے جبکہ ان میں جن ریستورانوں پر سادہ روٹی بنتی ہے وہ 35روپے سے 40روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ پیکو روڈ پر واقع ایک مشہور فوڈ چین کے ہوٹل پر سادہ روٹی اور سادہ نان فروخت ہی نہیں کر رہے صرف روغنی نان 150روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ اندرون شہر کے بعض تندوروں، ڈھلولنوال، ٹاؤن شپ ،چونکی امرسدھو،والٹن، دھرپورہ، باغبانپورہ، شاہدرہ،رسول پارک، شام نگر، اسلام پورہ، پکی ٹھٹھی، سبزہ زار سمیت دیگر چھوٹے علاقوں کے بعض تندوروں پر 16روپے کی ساد روٹی اور 20روپے کے نان فروخت تو کر رہے ہیں لیکن ان کا وزن کم کر دیا گیا ہے جبکہ شہر بھر کے تندوروں کے مالکان کا کہنا ہے کہ گیس آتی نہیں ہے مہنگے داموں ایل پی جی سے تندور چلا رہے ہیں اور آٹا اور میدے کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوئی تو ایسے میں سستی روٹی کیسے فروخت کر سکتے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹیفائی کی قیمتوں پر ہی روٹی اور نان فروخت نہ کرنے والوں کے خلاف شہر بھر میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔