بارش سےنشیبی علاقے زیر آب، پانی گھروں میں داخل،سڑکیں تالاب بن گئیں

April 20, 2024

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) گزشتہ روز بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہنے سے شہر کے نشیبی علاقے آریہ محلہ، ڈھوک کھبہ، کمیٹی چوک انڈر پاس، رحیم آباد، غریب آباد،ڈھوک چوہدریاں اور دیگر علاقے زیر آب آگئے اور بارش کا پانی گھروں میںداخل ہوگیا جس سے شہریوں کا لاکھوں روپے کا قیمتی سامان پانی میں ڈوب گیا۔ شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مجموعی طور پر 40 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب واسا کا عملہ بھی ہائی الرٹ رہا اور رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا کے مطابق فیلڈ اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر پانی کا لیول 4 فٹ رہا۔