میڈیکل پینل نے حارث رؤف کو فٹ قرار دیدیا، پیسر کو ہیڈنگے لیڈز میچ کھیلانے کا فیصلہ

May 19, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے میڈیکل پینل نے فاسٹ بولر حارث روف کو انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل کے لئے فٹ قرار دے دیا ہے جس کے بعد حارث روف کو بدھ کو ہیڈنگلے لیڈز کے میچ میں کھیلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے وہ پی ایس ایل کے دوران کندھے کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے حارث ٹیم کے ساتھ رہ کر ری ہیب میں مصروف تھے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹین اتوار کو انگلینڈ پہنچ کر پاکستانی ٹیم کو باضابطہ جوائن کریں گے۔ان کا پاکستان کھلاڑیوں سے تعارف ہوگا اور پہلی میٹنگ میں وہ اپنے پلان کو کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کریں گے ۔بابر اعظم ،اظہر محمود،وہاب ریاض اور محمد یوسف ،گیری کرسٹین کے ساتھ ورلڈ کپ کی ٹیم پر تبادلہ خیال کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نے ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کو حتمی شکل دے دی ہے لیکن حارث روف کی فٹنس اور کچھ کھلاڑیوں کی فارم دیکھ کر ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان جمعرات کو متوقع ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مکمل اسٹرینتھ اور ورلڈ کپ کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 22 سے 30 مئی کے درمیان کھیلی جائے گی اور اس سیریز کے باعث دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ وارم اپ میچز نہیں کھیل سکیں گی۔ پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہونے والے گیری کرسٹین انگلینڈ میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں حارث رؤف اور عثمان خان کو کھلانےکا فیصلہ کیا ہے۔حارث رؤف اور عثمان خان کو آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں موقع نہیں ملا تھا۔ عثمان خان کو صائم ایوب کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف حسن علی کی جگہ اسکواڈ میں آئیں گے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی پاکستان کی پلیئنگ الیون میں جگہ بنائیں گے جبکہ ایک فاسٹ بولر کم کر کے شاداب خان یا ابرار احمد کو کھلانے کے آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔