وزیراعلیٰ کی ہدایت، بشکک سے مزید طلبہ کراچی پہنچ گئے

May 26, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر سندھ حکومت 1کے زیر انتظام پی آئی اے کی چارٹرڈ پرواز سوا چار بجے کرغزستان کے شہر بشکک سے پاکستانی طلباء کو لے کر کراچی پہنچ گئی۔ ایئر پورٹ پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ، حکومت سندھ کے ترجمان گنہور خان اسران، ڈپٹی میئر سلمان مراد نے گرمجوشی سے طالب علموں کا استقبال کیا۔اس موقعے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے طلباء اپنے وطن اپنے پیاروں کے درمیان پہنچ گئے، سندھ حکومت نے اپنے طلباء کی بحفاظت گھروں کو واپسی کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ کرغزستان میں ہمارے ملک کے طالب علم ٹراما سے گذرے ہیں، آج کی اسپیشل فلائٹ میں صرف کراچی کے نہیں پورے پاکستان کے بچے آئے ہیں، جن کو سندھ حکومت کے زیر انتظام پی آئی اے کے چارٹرڈ فلائیٹ میں واپس لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کرغزستان میں فسادات ہو رہے تھے اور ان کے والدین پریشان تھے، اس وقت فسادات کی اطلاع ملتے ہی صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کرغزستان سے پاکستانی طلباء کی بحفاظت واپسی کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں تھیں اور صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایات دی تھیں کہ کرغزستان سے طالب علموں کی واپسی میں سندھ حکومت پہل کرے اور چارٹرڈ طیاروں سے ان کو وطن واپس لایا جائے۔