خود کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنیکی اجازت نہیں دونگا‘ ملک ریاض

May 27, 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) بحریہ ٹاؤن کے سربراہ اور انسانی فلاح و بہبود کے رہنما ملک ریاض حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ انہیں سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرے۔ماضی میں بھی دباؤ کا پوری ہمت کے ساتھ سامنا کیا ہے آج بھی ذاتی حیثیت میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں ’’اوور مائی ڈیڈ باڈی‘‘ انہوں نے کہا کہ اللہ سبحان و تعالیٰ نے ساری زندگی اپنے اصولوں پر قائم رہنے میں میری رہنمائی کی ہے۔ میں کسی بھی معاملے میں سیاسی فریق نہیں بننا چاہتا۔ ملک ریاض حسین نے کہا کہ اب ایک سال سے زیادہ عرصہ سے مجھ پر سمجھوتہ کرنے کیلئے بہت زیادہ دباؤ ڈالا جا رہا ہے لیکن میں کبھی بھی کسی کو اجازت نہیں دونگا کہ وہ مجھے سیاسی مقاصد کیلئے پیادہ کے طور پر استعمال کرے۔ ملک ریاض حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جدید ترین پراجیکٹس متعارف کرانے پر مجھے اور میرے کاروبار کو ہمیشہ نشانہ بنایا گیا ہے۔ 1996ء سے آج تک ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی سزا بھگت رہا ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ میں نے ماضی میں اللہ تعالیٰ کی مدد سے اس طرح کے دباؤ کا پوری ہمت اور طاقت کے ساتھ سامنا کیا ہے۔ آج بھی ذاتی حیثیت میں میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اوور مائی ڈیڈ باڈی ’’یعنی میری لاش پر‘‘۔ ملک ریاض حسین نے مزید کہا کہ اپنی بیماری کی حالت اور پریشانی کے باوجود میں اللہ کی مدد سے مصیبت کا سامنا کرنے کیلئے ثابت قدم ہوں۔ روزانہ مالیاتی‘ کاروباری نقصان برداشت کر رہا ہوں اور پوری طرح دیوار کے ساتھ دھکیل دیا جا رہا ہوں لیکن کسی دباؤ کے ہتھکنڈوں کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالوں گا۔ ملک ریاض حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مشکل دور میں میری رہنمائی اور مدد کرے اور مجھے عزت کے ساتھ سرخرو کرے۔