شہید نصیر لانگوکی جدوجہدکو یاد رکھا جائے گا،غلام نبی مری

May 29, 2024

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر وضلعی صدر بی این پی کوئٹہ غلام نبی مری نے بیان میں پارٹی کے شہید ساتھی نصیر جان لانگو کے 29 مئی کو چودھویں برسی کے موقع پر جدوجہد اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس خاندان کا بلوچستان کی سیاسی و جمہوری جدوجہد کی تحریک میں ایک اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید نصیر جان لانگو کو ایک ایسے دور میں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کیا گیا جب 2010 کو بلوچستان میں بلوچ قوم اور بلوچستانی عوام کے ساتھ ظم و جبر سماجی ناانصافیوں اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی عروج پر تھی اور کوئٹہ کے قدیم ترین بلوچ علاقوں میں چھاپے ، سرچ آپریشن اورچادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی معمول بن گئی تھی۔ 29مئی 2010 کو سردار منیر احمد چوک برمہ ہوٹل میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل شہید گل زمین حبیب جالب بلوچ کی قیادت میں دھرنا دیا گیا اس دھرنے کو سبوتاژ کرنے کے لیے آنسو گیس شیلنگ اور فائرنگ کی گی جس کے نتیجے میں پارٹی کے چند دوستوں کو گرفتار کیا گیا اس کے ردعمل میں شہباز ٹاؤن سمنگلی روڈ کے علاقے میں شہید نصیر جان لانگو نے پارٹی کے کارکنوں کے ہمراہ احتجاج کیا تو انہیں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے سے شہید کیاگیا تاکہ طاقت، خوف و ہراس اوردھونس دھمکیوں کے ذریعےسیاسی حقوق کےلیے بی این پی کی آواز اور جدوجہد کو کچلا جاسکے۔