بجلی کی لوڈشیڈنگ، پانی کا بحران، جماعت اسلامی کے تحت مظاہرے

June 29, 2024

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی اپیل پر کے الیکٹرک کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کے شدید بحران کے خلاف جمعہ کوکے الیکٹرک کی آئی بی سیز اور واٹر ہائیڈرینٹ ومساجد کے باہر سمیت شہر بھر میں 100 سے زائد مقامات پر مظاہرے ہوئے، مظاہرے سخی حسن ہائیڈرینٹ نارتھ کراچی،آئی بی سی حیدری مارکیٹ، ناظم آباد اجمیر نگری، نیو کراچی،گلستان سرجانی ،منظور کالونی، اختر کالونی، محمود آباد، چنیسر گوٹھ، پی ای سی ایچ ایس، لائنز ایریا، سبزی منڈی،پٹیل پاڑا، اورنگی ٹاؤن اور دیگر مقامات پر کئے گئے ، دریں اثناء امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور نیپرا کی ذمہ داری ہے کہ وہ کے الیکٹرک کو پابند کرے کہ وہ لوڈ شیڈنگ سے باز رہے ، نیپرا، کے الیکٹرک اور حکومت کا گٹھ جوڑ ہے جس نے کراچی کے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے، علاوہ ازیں منعم ظفر خان گزشتہ دنوں کورنگی 33-D میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان ذیشان کے گھر گئے،والد و دیگر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔