عبداللّٰہ شاہ غازی کے سالانہ عرس کے موقع پر آج مقامی تعطیل کا اعلان

June 29, 2024

کراچی (این این آئی) سندھ حکومت نے آج ہفتے کو کراچی میں تعطیل کا اعلان کردیا، میئر کراچی مرتضی وہاب نے بتایا کہ عبداللہ شاہ غازی کے سالانہ عرس کے موقع پر مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ،مرتضیٰ وہاب کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کی حدود میں واقع تمام دفاتر آج بند رہیں گے تاہم لازمی خدمات فراہم کرنے والے دفاتر کھلے رہیں گے ، صوفی بزرگ حضرت سید عبداللہ شاہ غازی کا عرس 29 جون تک جاری رہے گا،عرس میں شرکت کیلئے ملک بھر سے بڑی تعداد میں زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔دریں اثناء جمعہ کے روزشدید گرمی کے باوجود زائرین کی بڑی تعداد نے رات گئے تک مزار پر حاضری دی ،فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ،اس دوران اونٹ کی قربانی ،لنگر کی تقسیم کی گئی جبکہ محفل سماع اور محفل نعت بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔